نئی دہلی، 11؍اگست(آئی این ایس انڈیا )مغربی دہلی میں زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ایک سیکورٹی گارڈ کی موت کے بعد حادثہ متاثرین کے تئیں لوگوں کی بے حسی ایک بار پھر سامنے آنے پر دہلی حکومت نے آج کہا کہ وہ جلد ہی ایک منصوبہ کا اعلان کرے گی جس کے تحت متاثرین کو اسپتا ل لے جانے والے لوگوں اور ٹیکسی اور آٹو رکشہ پولروں کو انعام دیا جائے گا۔دہلی کے وزیر داخلہ ستیندر جین نے کہا کہ حکومت نے منصوبہ کا خاکہ تیار کر لیا ہے جس میں قومی دارالحکومت میں سڑک حادثات کے متاثرین کے لیے فوری مدد کو یقینی بنانے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔منصوبہ کا خاکہ اس ماہ کے آخر تک کابینہ کے سامنے پیش کردیا جائے گا اور پھر لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کے پاس ان کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔مغربی دہلی کے سبھاش نگر علاقے میں ایک تیز رفتار ڈیلیوری وین نے 35سالہ ایک سیکورٹی گارڈ کو ٹکر مار دی تھی اور کوئی بھی راہگیر ایک گھنٹے تک اس کی مدد کرنے کے لیے نہیں آیا، جس کی وجہ سے سڑک پر ہی اس کی موت ہو گئی جبکہ ایک رکشہ ڈرائیور سیکورٹی گارڈ کا موبائل فون چرا لے گیا۔اس واقعہ کے ایک دن بعد حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔پورا واقعہ سبھاش نگر علاقے میں معراج سنیما کے پاس لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا ، جہاں گارڈ کو علی الصباح ایک کی ڈلیوری وین نے ٹکر ماری تھی۔جین نے کہاکہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ کوئی بھی اس کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا، حکومت نے ایک حوصلہ افزائی کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت ٹیکسی اور آٹو ڈرائیوروں سمیت جو لوگ سڑک حادثے کے متاثرین کو اسپتال لے کر جائیں گے انہیں انعام سے نوازا جائے گا۔